(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے علاقے مسافر یطا کی بستی ام الخیر پر پیر کی شام صہیونی آبادکاروں نے ایک سفاکانہ حملہ کر کے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں سفاک صہیونی آبادکاروں نے فلسطینی باشندوں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنی زمینوں پر موجود تھے۔ حملے میں نوجوان عودہ الہذالین گولی لگنے سے شہید ہو گیا، جبکہ ایک اور شہری زخمی ہوا۔ قابض فوج نے زخمی فلسطینی کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ ایک اور شہری کو ظالم و جابر آبادکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا جسے بعد میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
فلسطینی مزاحمتی کارکن اسامہ مخامرہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ درندہ صفت آبادکاروں کی یہ غنڈہ گردی اور قابض فوج کی پشت پناہی نسل پرستی پر مبنی ہے اور اس کا مقصد جنوبی الخلیل کی بستیوں کو خالی کروا کر وہاں صہیونی بستیوں کی توسیع کرنا ہے۔
یہ واقعات فلسطینیوں کی زمینیں چھین کر انہیں اپنی تاریخ اور شناخت سے بے دخل کرنے کی منظم کوششوں کا حصہ ہیں اور عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔