(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں جاری قابض صہیونی فوج کے حملوں، محاصرے اور بدترین انسانی بحران کے خلاف دنیا کے مختلف حصوں میں عوامی احتجاجی مظاہرے زور پکڑ رہے ہیں۔ امریکہ، لبنان اور دیگر ممالک میں ہزاروں افراد کی طرف سےسڑکوں پر نکل کر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
امریکہ کے معاشی شہر نیویارک میں مظاہرین نے ایک بڑی ریلی نکالی اور ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "غزہ کو آزاد کرو” اور "فوری جنگ بندی”جیسے نعرے درج تھے۔
ورجینیا، امریکہ میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے ایک مبینہ امدادی ادارے کے سربراہ کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا اور اسے غزہ میں نسل کشی کی معاونت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
لبنان کے دارالحکومت طرابلس میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں غزہ کا محاصرہ ختم کرنے، بمباری روکنے اور فلسطینی قوم کو فاقہ کشی اور قتل ِعام سے بچانے کا مطالبہ کیا گیا۔
یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں مسلسل غزہ کی صورتحال کو ایک سنگین انسانی المیہ قرار دے رہی ہیں اور خبردار کر رہی ہیں کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔