(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں مزاحمتی سکیورٹی کے ایک اعلیٰ افسر نے انکشاف کیا ہے کہ قابض اسرائیلی قیدیوں کی نگرانی پر مامور تمام یونٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک خصوصی اور حساس پروٹوکول "فوری تصفیے” کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس پروٹوکول کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
بیان میں مزاحمتی ترجمان نے واضح کیا کہ یہ اقدام قابض اسرائیل کی جانب سے اپنے قیدیوں کو چھڑانے کے لیے کسی بھی ممکنہ خصوصی کارروائی سے نمٹنے کی تیاری کے طور پر کیا گیا ہے۔
مزاحمتی نمائندہ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، شخص یا گاڑی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ صہیونی سفاک و ظالم حکومت کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ساتھ اکتوبر 2023 سے قابض فوج نے امریکی سرپرستی میں غزہ پر ایک سفاکانہ جنگ مسلط کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں اب تک دو لاکھ دو ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ ہزاروں افراد لاپتہ ہیں اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ قحط اور بھوک سے بھی بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئی ہیں۔