(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) پاکستان پیپلز پارٹی (شہید بھٹو) کے چیئر مین ذوالفقار علی بھٹو جونئیر نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل چاہتے ہیں اور دو ریاستی حل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ یہ پیغام انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مبینہ بیان کہ جس میں انہوں نے اسرائیل کا تسلیم کرنے کی شرط عائد کی ہے سخت مذمت کی اور کہا کہ ہم صرف فلسطین کو تسلیم کرتے ہیں، پاکستانی حکومت کے لیے کچھ بھی کم کہنا یا "دو ریاستی حل” کی طرف ہونا ناقابل قبول ہے۔
اس سے قبل ایکس اکاؤنٹ پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے ترکیہ اردو کی جانب سے نشر کی جانے والی ایک خبر پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا یہ بیان کہ اسرائیل کو تبھی تسلیم کریں گے جب فلسطینی ریاست قائم ہو اور بیت المقدس دارلحکومت ہو۔ یہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کی پالیسی نہیں ہے بلکہ یہ امریکہ کے ابراہیمی معاہدے کی پالیسی ہے۔ انہوں نے اس بیان کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے یہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا واضح موقف ہے اور کسی کو اس موقف سے انحراف نہیں کرنے دیا جائے گا۔
انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیر خارجہ کے بیان پر سخت رد عمل دیں۔
واضح رہے کہ ترکیہ اردو نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ابراہم معاہدے میں پاکستان کی شمولیت کے امکان کو مسترد کر دیا ہے اور کہا کہ یہ سب پر واضح ہو جانا چاہیے کہ ہماری سات دہائیوں پرانی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ اسرائیل کو تبھی تسلیم کریں گے جب فلسطین کی ریاست قائم ہو، اوربیت المقدس اس کا دارالحکومت ہو۔