وینزویلا صدر کا عالمی یہودی برادری سے نیتن یاہو کو قابو میں رکھنے کا مطالبہ
صدر مادورو نے دنیا بھر کے یہودیوں، بالخصوص ان یہودیوں سے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں یا قابض اسرائیل کی حدود میں رہتے ہیں، مؤثر آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں دنیا بھر میں بسنے والے شریف یہودی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جنگ کو روکے
(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے دنیا بھر کی یہودی برادری سے پُرسوز اپیل کی ہے کہ وہ قابض اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو لگام دیں جو عالمی عدالت انصاف کو مطلوب ہیں اور ایران کے خلاف گذشتہ جمعے سے ایک وسیع جارحیت کا آغاز کر چکے ہیں۔
جمعرات کے روز صہیونی سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مادورو نے دنیا بھر کے یہودیوں، بالخصوص ان یہودیوں سے جو مقبوضہ فلسطینی علاقوں یا قابض اسرائیل کی حدود میں رہتے ہیں، مؤثر آواز بلند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں دنیا بھر میں بسنے والے شریف یہودی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس جنگ کو روکے۔ آپ ہی ہیں جو اس جنگ کو روک سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنجمن نیتن یاہو کو روکنا ضروری ہے۔ اس دیوانگی کا خاتمہ ہونا چاہیے جو ہمسایہ ممالک کے خلاف مسلسل جنگ، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا پر قبضے اور استعمار کے خبط کی صورت میں جاری ہے۔
صدر مادورو نے واضح کیا کہ نیتن یاہو کی سربراہی میں قابض اسرائیلی حکومت نے پچھلے کچھ برسوں میں متعدد جنگوں کو بھڑکایا ہے جن میں غزہ کی پٹی پر جاری نسل کشی، سنہ 2024ء میں لبنان پر مسلط کردہ جنگ، شام میں نئے علاقوں پر قبضے اور یمن پر متواتر حملے شامل ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی فوجداری عدالت نے اکیس نومبر سنہ 2024ء کو بنجمن نیتن یاہو کے خلاف فلسطینی عوام کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر وارنٹ گرفتاری جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ تیرہ جون سے قابض اسرائیل امریکہ کی پشت پناہی سے ایران پر حملوں میں مصروف ہے جن میں جوہری تنصیبات، میزائل اڈے، ایرانی فوجی کمانڈروں اور ایٹمی سائنسدانوں کا قتل اور معصوم شہریوں کی شہادتیں شامل ہیں جب کہ ایران بھی جوابی طور پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے صہیونی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔