(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) پیر کے دن قابض صہیونی فوج نے اپنی اٹھانویں فوجی بریگیڈ کو غزہ کی پٹی سے واپس بلا لیا۔ اس واپسی کے بعد غزہ میں قابض فوج کی صرف چار بریگیڈز باقی رہ گئی ہیں جبکہ ایران کے خلاف جمعہ سے جاری کشیدگی کے پیش نظر مغربی کنارے میں صہیونی فوجی دستوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔ اسی دوران ناحال بریگیڈ کو مغربی کنارے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
قابض فوج کے ریڈیو نے پیر کو اس بات کی تصدیق کی کہ اٹھانویں بریگیڈ کو غزہ سے ہٹا لیا گیا ہے اوراب وہاں صرف چار بریگیڈز ( 252، 143، 36 اور 162) موجود ہیں تاہم دیگر بریگیڈز کے نام افشا نہیں کیے گئے۔
عسکری معلومات کے مطابق اٹھانویں بریگیڈ ایک خاص یونٹ ہے جو غاصب صہیونی پیراٹروپرز اور کمانڈوز پر مشتمل ہے اور یہ حال ہی میں جنوبی غزہ کے شہر خانیونس میں فعال تھی۔
قابض صہیونی فوج نے بائیس مئی کو یہ اعلان کیا تھا کہ اٹھانویں بریگیڈ کو غزہ واپس لایا جا رہا ہے جو اس سے قبل کئی مہینوں تک لبنان میں تعینات تھی۔ پہلے فوج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاری نسل کُشی میں پانچ بریگیڈز حصہ لے رہی تھیں: (98، 252، 143، 36 اور 162)، ان کے علاوہ ناحال اور گولانی بریگیڈز بھی شامل تھیں۔ تاہم اب 98 بریگیڈ کی واپسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ریڈیو رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ ناحال بریگیڈ بھی غزہ سے نکل چکی ہے اور اسے مغربی کنارے میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ داخلی محاذ کی افواج کی جگہ لے سکے۔ یہ داخلی محاذکی افواج صہیونی ریاست کے اندر مختلف مقامات پر ایرانی حملوں کے بعد امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کے لیے بھیجی گئی تھیں۔