(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رہنما خلیل الحیہ نے ایک بیان میں انکشاف کیا ہے کہ جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ثالث ممالک کی کوششوں کے ساتھ ساتھ حالیہ دنوں میں امریکی انتظامیہ سے بھی براہِ راست رابطہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مثبت رویہ اپناتے ہوئے امیرکی نژاد اسرائیلی فوجی کی رہائی کے اقدام کو ایک سیاسی، اخلاقی اور انسانی پیغام میں تبدیل کیا ہے تاکہ دنیا کو یہ باور کرایا جا سکے کہ فلسطینی عوام مسلسل مظالم کے باوجود امن کی راہ پر قائم ہیں۔
خلیل الحیہ نے یہ بھی کہا کہ جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بات چیت جاری ہے، اور الیگزینڈر کی رہائی اسی سلسلے کی اہم پیش رفت ہے۔