(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ "القسام بریگیڈز” نے ایک اہم انسانی اور سیاسی فیصلے کے تحت پیر کے روز امریکی شہریت رکھنے والے اسرائیلی فوجی، عیدان الیگزینڈر کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ٹیلیگرام چینل پر جاری ایک پیغام میں کیا، جس نے عالمی میڈیا اور سفارتی حلقوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
ذرائع کے مطابق، حماس کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب غیر قانونی صیہونی ریاست کی افواج نے غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں جزوی طور پر روک دی تھیں۔ القسام بریگیڈز کے زیرانتظام ایک خصوصی "شیڈو یونٹ” اس رہائی کے عمل کو سنبھال رہا ہے، جو خفیہ اور محفوظ طریقے سے انجام دیا جائے گا۔
حماس کے قریبی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ قیدی کو ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کے حوالے کیا جائے گا، اور یہ عمل غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں شام 5 بجے کے بعد متوقع ہے۔ رہائی بغیر کسی عوامی یا عسکری تقریب کے، سادگی اور رازداری سے انجام دی جائے گی۔