(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ذرائع ابلاغ نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ غزہ پر مسلط کی گئی جنگ کے خاتمے کے مطالبے پر دستخط کرنے والے صیہونی شہریوں کی تعداد تقریباً 1,40,000 تک جا پہنچی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس مہم میں تقریباً 10,000 ریزرو فوجی، غیر قانونی صیہونی ریاست کے سابق فوجی افسران، پولیس اہلکار اور غزہ کی پٹی میں قید رہنے والے 37 سابق صیہونی قیدی بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا پہلے ہی یہ رپورٹ کر چکا ہے کہ غیر قانونی صیہونی افواج اپنے ہی ریزرو فوجیوں اور عوام کی جانب سے غزہ میں جنگ کے خاتمے کے مطالبات پر تشویش میں مبتلا ہے، اور اس سلسلے میں دستخط کرنے والے بعض افراد کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔
منگل کے روز صیہونی اخبار ہارٹز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ صرف پانچ دنوں کے اندر غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور قیدیوں کی واپسی کے مطالبے پر دستخط کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو اس بات کی علامت ہے کہ ریزرو فورسز کے درمیان احتجاج اور ناپسندیدگی کا دائرہ سرکاری بیانات سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔
الجزیرہ نیٹ کے مطابق بدھ کو جاری رپورٹس میں بتایا گیا کہ دستخط کرنے والوں کی تعداد 1,10,000 سے بڑھ چکی ہے۔
ہارٹز نے مزید تصدیق کی کہ غیر قانونی صیہونی افواج نے جنگی علاقوں میں تعینات ریزرو فورسز کی تعداد میں کمی کرنے اور انہیں بھیجے گئے نئے کال اپ آرڈرز کی مقدار گھٹانے کا فیصلہ کیا ہے، جسے جنگ کے خلاف اندرونی دباؤ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔