(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے ہفتے کی شب تصدیق کی ہے کہ شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں اس کا ایک فوجی ہلاک، جب کہ ایک خاتون افسر اور دو دیگر فوجی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
صیہونی اخبار یدیعوت آحرونوت کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کا ایک گروہ ایک ایسے سرنگ سے باہر نکلا جو پہلے صیہونی افواج کی نظر میں نہیں آئی تھی۔ اس گروہ نے علاقے میں معلومات اکٹھی کرنے والی ایک فوجی بکتربند گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں تین خاتون اہلکار موجود تھیں۔ راکٹ حملے میں تینوں شدید زخمی ہوئیں۔
واقعے کے وقت غزہ ڈویژن کے نئے شمالی بریگیڈ کمانڈر کا ہیڈکوارٹر ایریز چیک پوسٹ کے قریب واقع تھا، جس کے بعد وہ "قصاصی اثر” یعنی سراغ رساں یونٹ کے ہمراہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچا۔
اخبار کے مطابق، واقعے کے 27 منٹ بعد جب صیہونی فوج علاقہ چھان رہی تھی اور اطراف میں فائرنگ کر رہی تھی، اسی دوران ایک نصب شدہ دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا، جس سے ایک فوجی ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ اس دھماکے میں وہ تینوں خواتین فوجی بھی دوبارہ متاثر ہوئیں جو ابتدائی حملے میں زخمی ہوئی تھیں۔
صیہونی فوج کا ماننا ہے کہ گزشتہ ہفتے جس سرنگ پر انہوں نے کھدائی اور تلاشی کا عمل کیا تھا، اسے حماس نے بروقت شناخت کر لیا تھا اور اسی معلومات کو بنیاد بنا کر حملہ کیا گیا۔