(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے محصور شہر پر قتل عام کے حوالے سے تازہ تفصیلات جاری کی ہیں جس کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غاصب فورسز نے خواتین اور بچوں سمیت مزید 92 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 219 کو زخمی کردیا ہے، جنہیں تباہ شدہ مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
وزارت صحت نے ایک پریس بیان میں بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہداء کی تعداد 51,157 ہو چکی ہے، جب کہ 116,724 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت کے مطابق 18 مارچ 2024 سے لے کر اب تک کے عرصے میں 1,783 شہری شہید اور 4,683 زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ درجنوں شہداء اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا سڑکوں پر پڑے ہیں، تاہم شدید بمباری، محدود وسائل، اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں کے باعث ایمبولینس سروسز اور امدادی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور فوری طور پر غزہ میں فائر بندی اور انسانی امداد کی رسائی کو یقینی بنائے۔