(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی مسلسل جارحیت سے شہداء کی تعداد 51,000 سے تجاوز کر گئی ہے شہید ہونے والوں میں ستر فیصد سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، 7 اکتوبر 2023 سے جاری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک غزہ میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 116,343 تک پہنچ چکی ہے، جن میں 51,000 فلسطینی اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ صرف 18 مارچ سے لے کر اب تک 1,630 افراد شہید اور 4,302 زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فضائی و زمینی حملوں میں 17 فلسطینی شہری شہید جبکہ 69 زخمی ہوئے، جنہیں شدید زخمی حالت میں غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ بہت سے شہداء تاحال تباہ شدہ مکانات، عمارتوں اور بنیادی سہولیات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ محدود طبی وسائل اور جاری بمباری کے باعث ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینس سروسز اُن تک بروقت پہنچنے سے قاصر ہیں، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع بڑھتا جا رہا ہے۔
غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے، جب کہ عالمی برادری کی خاموشی اس ظلم کو مزید طول دے رہی ہے۔