(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی جاری ہے، جسے امریکی اور مغربی سرپرستی حاصل ہے۔ اس جنگ کو شروع ہوئے تین ہفتے گزر چکے ہیں، اور اس دوران سینکڑوں بے گناہ فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔
میدانی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی فوج نے اتوار کی صبح سے غزہ کے مختلف علاقوں پر شدید فضائی بمباری کی، جس میں رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ خوراک اور دیگر بنیادی اشیاء کی ترسیل پر مکمل پابندی عائد ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں قحط جیسے حالات پیدا ہو گئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے اتوار کے روز جاری بیان میں بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے اسپتالوں میں 26 شہداء کے جسد خاکی لائے گئے، جبکہ 113 افراد زخمی حالت میں اسپتال پہنچائے گئے۔
وزارت کے مطابق 18 مارچ 2025 سے اب تک صیہونی حملوں میں 1,335 فلسطینی شہید اور 3,297 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان اعداد و شمار سے غیر قانونی صیہونی ریاست کے مظالم کی شدت اور انسانی بحران کی سنگینی کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔