(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)حماس کی عسکری شاخ، القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک اہم بیان میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی حکومت، بالخصوص وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو غزہ میں موجود اسرائیلی یرغمالیوں کی زندگی کے حوالے سے مکمل ذمہ دار قرار دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کے نصف زندہ قیدی ان علاقوں میں موجود ہیں جنہیں حالیہ دنوں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے خالی کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان قیدیوں کو وہاں سے منتقل نہ کرنے کا فیصلہ سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ان کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل واقعی یرغمالیوں کی زندگیوں کی پرواہ کرتی ہے تو اسے فوری مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جنوری میں ہونے والے معاہدے پر اگر عمل درآمد ہوتا تو آج بیشتر یرغمالی اپنے گھروں میں ہوتے۔
ابو عبیدہ نے متنبہ کیا کہ تاخیر اور ہٹ دھرمی کی صورت میں ذمہ داری مکمل طور پر نیتن یاہو حکومت پر عائد ہوگی۔