(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی دہشتگردہ کا شکار مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ کے رہائشیوں کی انڈونیشیا منتقلی کے حوالے سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل سمیت کسی بھی فریق کے ساتھ کوئی معاہدہ یا بات چیت نہیں ہوئی ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ "انڈونیشیا کی حکومت نے محصور شہر غزہ کے باشندوں کو انڈونیشیا منتقل کرنے کے منصوبے کے بارے میں کسی بھی فریق کے ساتھ بات چیت نہیں کی ہے اور نہ ہی کوئی اطلاع سنی ہے۔ بہت سے غیر ملکی میڈیا اداروں نے اس حوالے سے جعلی رپورٹنگ کی ہے جو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔”
ترجمان کا یہ تبصرہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی رپورٹس کے جواب میں آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ غزہ کے تقریباً 100 رہائشیوں کو رضاکارانہ نقل مکانی کے پروگرام کے تحت تعمیراتی شعبے میں کام کرنے کے لیے انڈونیشیا بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ انڈونیشیا اس وقت جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کی حوصلہ افزائی کرنے، غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینے اور علاقے میں تعمیر نو کے فوری آغاز کو یقینی بنانے پر زیادہ توجہ دے رہا ہے۔