(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے "فوجی ترجمان” نے اعلان کیا کہ "گزشتہ روز موصول ہونے والی ایک لاش قیدی شیری بیباس کی نہیں بلکہ ایک نامعلوم فلسطینی خاتون کی ہے۔”
ترجمان نے کہا کہ "جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ تیسری برآمد شدہ لاش بیباس کی نہیں ہے بلکہ ایک نامعلوم شخص کی ہے، جس کا ڈی این اے کسی اور قیدی سے مطابقت نہیں رکھتا۔” ترجمان کہا کہ حماس "بیباس سمیت تمام قیدیوں اور لاشوں کی لاش کی واپسی کی ذمہ دار ہے، "اسرائیل اس خلاف ورزی سے سختی سے نمٹے گا تاہم قیدیوں کی رہائی کا عمل ہفتے کے روز طے شدہ منصوبے کے مطابق بغیر کسی تبدیلی کے جاری رہے گا۔
گزشتہ روز، فلسطینی مزاحمتی دھڑوں نے چار قیدیوں کی لاشیں غیر قانونی صیہونی ریاست کے حوالے کیں، جو بین سہیلا، خان یونس کے مشرق میں، جنوبی غزہ میں بین الاقوامی ریڈ کراس کو دی گئیں۔ یہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے کا حصہ تھا۔
اس سے قبل، عزالدین القسام بریگیڈز، جو کہ حماس کا عسکری ونگ ہے، نے ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ "بیباس خاندان کے تین افراد اور قیدی عودید لیفشٹز کی لاشیں حوالے کی جائیں گی۔ یہ تمام افراد زندہ تھے جب غیر قانونی صیہونی ریاست کے طیاروں نے جان بوجھ کر ان کی حراست کے مقامات کو بمباری کا نشانہ بنایا۔”
یہ توقع کی جا رہی ہے کہ اس مرحلے کی تکمیل ہفتے کے روز چھ زندہ صیہونی قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ہوگی، جن میں سے دو 2014 سے قید میں تھے۔ ان کے بدلے غیر قانونی صیہونی ریاست تقریباً 600 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گی، جن میں تقریباً 50 وہ قیدی شامل ہیں جو عمر قید اور سخت سزاؤں کا سامنا کر رہے ہیں، 47 وہ افراد جو "شالیط معاہدے” کے تحت رہا ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کیے گئے تھے، اور تقریباً 444 قیدی وہ ہیں جنہیں غزہ پر حالیہ جنگ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔