(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ شہر اور شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے لاکھوں فلسطینیوں کی اپنے گھروں کی طرف واپسی کا عمل آج دوسرے روز بھی جاری ہے، یہ تمام افراد شہر پر صیہونی دہشتگردی اور وحشیانہ بمباری کے باعث اپنے گھروں کو چھوڑ کر مختلف علاقوں میں پنا ہ گزین تھے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق ہزاروں افراد نے علی الصبح ہی سے غزہ اور شمالی غزہ کے مختلف علاقوں سے اپنے گھروں کی طرف واپس جانے کا سفر شروع کیا ہے، بے گھر فلسطینیوں کی بہت بڑی تعداد نے اپنے ضروری سامان کے ساتھ تقریباً سات کلومیٹر تک کا سفر پیدل طے کیا ۔صلاح الدین روڈ پر غزہ شہر کی طرف جانے والی گاڑیوں کی بڑی تعداد نے راستے میں تین کلومیٹر سے زائد کی قطاریں بنا لیں۔سرکاری میڈیا کے مطابق، پیر کے روز تین لاکھ بے گھر افراد نے شمالی غزہ اور غزہ کے مختلف علاقوں میں واپس پہنچنے میں کامیابی حاصل کی۔
تین لاکھ افراد نے جنوبی اور وسطی غزہ سے رشید اور صلاح الدین سڑکوں کے ذریعے غزہ اور شمال کی طرف اپنا سفر جاری رکھا۔اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ثالثوں کی کوششوں سے شمالی غزہ کے علاقے میں بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی کے لیے ایک معاہدہ طے پا چکا ہے، جس پر 27 جنوری 2025ء کی صبح عمل درآمد شروع ہو گیا۔