(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر خلیل الدقران نے اعلان کیا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے غزہ پر جاری دہشتگردانہ حملوں کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے بچوں کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ڈاکٹر خلیل الدقران نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہداء میں خواتین اور بچوں کی شرح 70 فیصد سے زائد ہے، جو وزارت صحت کی جانب سے ریکارڈ کی گئی مجموعی شہداء کی تعداد کا حصہ ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کی روزانہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مسلسل 466 دن سے جاری حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 46,645 اور زخمیوں کی تعداد 110,012 تک پہنچ چکی ہے۔
ڈاکٹر الدقران نے آج صبح دیر البلح کے علاقے میں ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں شہید ہونے والے بچوں کے جنازے کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی افواج بچوں کو قتل کرنے اور غزہ کے رہائشیوں کے خلاف اپنی جرائم کی شدت بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے دیر البلح پر غیر قانونی صیہونی ریاست کے حملے کو "جرائم کی سرخ لکیر عبور کرنے” کے مترادف قرار دیا۔