(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ایک عبرانی چینل 12 نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ صیہونی وزیرِ اعظم، نیتن یاہو، نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ایک "فوری” مشاورت کا آغاز کیا، تاکہ حماس کے ساتھ متوقع قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بات کی جا سکے،
نیتن یاہو اسی رات دوحہ میں اسرائیلی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کریں گے تاکہ قیدیوں کے تبادلے اور غزہ میں جنگ بندی کے تازہ ترین معاملات پر معلومات حاصل کی جا سکیں۔ اس سے قبل قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے منگل کو کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے مذاکرات "آخری مراحل” میں ہیں اور معاہدے کا اعلان جلد متوقع ہے۔ انہوں نے دوحہ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حماس اور غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کو معاہدے کے مسودے فراہم کیے جا چکے ہیں، اور دونوں فریقوں کے درمیان باقی اہم مسائل حل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مذاکرات کے بارے میں مثبت جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کے بعد جنگ بندی فوراً نافذ ہو جائے گی۔