(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)صیہونی ریاست اسرائیل غزہ میں امن و امان اور سکیورٹی نظام کو تباہ کرنے کی منظم کوششوں میں ملوث ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ’یورو-میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر‘ نے ایک بار پھر صیہونی ریاست کے جنگی جرائم کا پردہ فاش کیا ہے، اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہےکہ غیر قانونی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل غزہ میں امن و امان اور سکیورٹی نظام کو تباہ کرنے کی منظم کوششوں میں ملوث ہے۔
اسرائیلی مذموم کوششوں کا مقصد غزہ میں افراتفری پھیلانا اور اپنے مجرمانہ مقاصد کو آگے بڑھانا ہے۔ 7 اکتوبر 2023ء سے اسرائیل نے سول پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا، جس سے علاقے میں انارکی اور غیر قانونی انتقام کے رجحانات بڑھ گئے ہیں۔
تنظیم نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ غزہ میں سکیورٹی اور انصاف کے نظام کو نشانہ بنانا بند کرے۔ یاد رہے کہ اس وقت غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں میں 154,000 فلسطینی شہید یا زخمی ہو چکے ہیں، اور 11,000 سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ پورا علاقہ تباہ ہو چکا ہے۔