(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) سابق اسرائیلی مشیر ڈینیئل لیوی کے مطابق فلسطینیوں کی غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ہاتھوں غیرانسانی حیثیت جنگ بندی کی کوششوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی اور عرب ممالک کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے باوجود اسرائیل اس سلسلے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہا۔
ڈینیئل لیوی، جو یو ایس/مڈل ایسٹ پراجیکٹ کے صدر ہیں، نے میزبان اسٹیو کلیمنز کو بتایا کہ اسرائیلی غزہ میں کیے جانے والے مظالم سے بخوبی واقف ہیں، لیکن فلسطینیوں کو غیر انسانی قرار دینے اور ان کی زمینوں اور حقوق سے محروم کرنے کی خواہش کسی بھی امن معاہدے کو آگے بڑھنے سے روک رہی ہے۔
لیوی کے مطابق، اس کے نتیجے میں اسرائیل کو خطے میں قبولیت حاصل نہیں ہو سکتی، چاہے کچھ عرب حکومتیں اس کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ رویہ خطے میں دیرپا امن کے لیے نقصان دہ ہے۔