(روزنامہ قدس – آن لائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست کی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں لڑائی کے دوران کفیر بریگیڈ کا ایک افسر اور دو فوجی ہلاک ہو گئے۔
صیہونی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں ہلاک ہونے والا افسر ڈپٹی کمپنی کمانڈر کے عہدے پر تعینات تھا۔
صیہونی میڈیا کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست کی فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ اس دوران غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حنون میں دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک افسر اور دو فوجی ہلاک جبکہ ایک فوجی معمولی زخمی ہوا۔ قابض فوج کے ریڈیو نے بتایا کہ پہلے دھماکے کے بعد جب دوسری اسرائیلی فورس پہنچی تو ایک اور دھماکہ کیا گیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آرمی ریڈیو کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں جاری فوجی آپریشن کے دوران اب تک 162ویں ڈویژن کے 38 اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
پیر کے روز شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے کئی کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں صیہونی فوجیوں اور ان کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔