(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں فلسطینی مزاحمت نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عسکری اہداف پر شدید حملے کیے ہیں۔ القدس بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ایک جنگجو نے ایک اسرائیلی فوجی بردار کیریئر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ٹروپس کیرئیر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ اس کارروائی میں وسطی غزہ کی پٹی میں قابض افواج پر بمباری بھی کی گئی، اور نصیرات کیمپ کے شمال میں ایک جاسوس طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
القدس بریگیڈز اور الاقصیٰ شہداء بریگیڈز نے مشترکہ طور پر شمالی غزہ کی پٹی میں قابض افواج پر حملے جاری رکھے۔ ان حملوں میں دھماکا خیز آلات کے ذریعے ٹینکوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی میڈیا کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران تین فوجی زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
القدس بریگیڈز اور القسام بریگیڈز نے جبالیہ مہاجر کیمپ کے قریب ایک گوریلا حملے میں قابض فوجیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کے متعدد اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔ الاقصیٰ بریگیڈز نے بھی اعلان کیا کہ ان کے جنگجو شمالی غزہ میں شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں اور قابض افواج کے خلاف میزائل حملے کر رہے ہیں۔