(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) ہفتے کی صبح فلسطینی اتھارٹی کے تحت عباس ملیشیا نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کیمپ پر حملہ کیا اور اسرائیل کے لئے دردسر بنے ہوئے فلسطینی مزاحمت کا نمایا نام جنین بریگیڈ کے رہنما یزید جعاعیصہ کو شہید کر دیا۔
یزید جعاعیصہ، جنین میں اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت سمجھے جاتے تھے اور چار سال سے قابض فوج کو مطلوب تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق، عباس ملیشیا نے اسرائیلی طرز عمل اپناتے ہوئے کیمپ پر بھاری اسلحے اور اسنائپرز کے ساتھ دھاوا بولا۔
حملے کے دوران عباس ملیشیا نے ایمبولینسوں، بجلی کے ٹرانسفارمرز اور شہری گھروں پر فائرنگ کی، جس سے کئی خواتین اور بچے زخمی ہوئے، اور ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔ مزاحمت کاروں نے دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کے ذریعے ملیشیا کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی۔
اس جارحیت پر جنین کے شہریوں میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ گئی ہے، اور مقامی آبادی نے عباس ملیشیا کے اس اقدام کو قابض اسرائیلی ریاست کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔