(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جاری جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے نہتے فلسطینیوں کی تعداد 44,805 تک جا پہنچی ہے، جب کہ 106,257 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غزہ وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 20شہید وں کو لایاگیا اور 60زخمی ہوئے ہیں، اس دوران غاصب صیہونی افواج نے شہر کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے ۔
وزارت صحت کے مطابق، وحشیانہ صیہونی بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے بڑی تعداد میں شہری موجود ہیں جن کی تعداد 10 ہزا رسے زائد ہے ، مگر شہری دفاع کے عملے کو مسلسل بمباری کی وجہ سے ان تک پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہلاکتوں کی اصل تعداد ابھی تک سامنے نہیں آئی۔ غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت 7 اکتوبر 2023 سے جاری ہے، جس میں گھروں، پناہ گاہوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے یہاں ایک شدید انسانی بحران پیدا ہو چکا ہے۔
.