(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ روز یمن کی مسلح افواج نے عراق میں اسلامی مزاحمتی تنظیم کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل میں ایک اہم فوجی ہدف کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملے کیے۔
یمنی فورسز نے ایک بیان میں بتایا کہ آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور اس نے اپنے مقصد کو حاصل کرلیا۔ یمنی افواج کا کہنا ہے کہ وہ عراقی مزاحمتی مجاہدین کے ساتھ مل کر غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف غاصب صیہونی دشمن کے جرائم کا جواب دیتی رہیں گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جب تک فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت کا سلسلہ جاری رہے گا اور غزہ کا محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا، ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یمنی فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی مزاحمت غاصب صیہونی افواج کے خلاف غزہ میں جاری ظلم و ستم کے خاتمے تک جاری رہے گی، اور وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں ہر ممکن اقدام اٹھاتی رہیں گی۔