(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کی مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے حملے، مزاحمتی گروپوں کی جانب سے شدید مزاحمت، صیہونی فوجیوں پر گولیوں کی برسات کردی، غاصب فوج بھاگنے پر مجبور ہوگئی۔
آج صبح مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے مختلف شہروں جن میں جنین اور طولکرم خاص طورپر شامل ہیں میں غاصب صیہونی افواج نے دھاوا بولا، گرفتاریوں اور شہریوں پر تشدد کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے غاصب فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیا۔ سرايا القدس کی جنین اور طولکرم کی بریگیڈز نے اسرائیلی افواج کے خلاف شدید مزاحمت کی، جو مختلف محاذوں سے ان شہروں میں داخل ہو رہی تھیں۔
جنین میں سرايا القدس کے مجاہدین نے اسرائیلی فوجی قافلے کو نشانہ بنایا اور ان پر گولیوں اور بارودی سرنگوں سے حملہ کیا۔ اسی طرح، طولکرم میں بھی مزاحمتی گروپوں نے اسرائیلی فوج پر گولیوں کی برسات کی۔
کتائب شهداء الأقصى کی طولکرم یونٹ نے بھی جنوب کے محلے میں اسرائیلی فوج کے حملے کو پسپا کرنے کے لیے بھرپور مزاحمت کی، جس کے دوران متعدد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں اپنی جارحیت جاری رکھی اور جنین کے جنوب میں واقع یعبد کی بلدیہ پر حملہ کیا۔ مقامی ذرائع نے "وفا” نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یعبد میں گھروں کے باہر گولیاں چلائیں اور علاقے میں کشیدگی میں مزید اضافہ کیا۔ اسی دوران، اسرائیلی فوج نے نابلس کے جنوبی علاقے جماعین اور الخلیل کے مختلف حصوں میں بھی حملے کیے۔ الخلیل میں اسرائیلی فوج نے شہریوں کی گاڑیاں تباہ کیں اور خلة حاضور کے علاقے میں ان کی دکانوں میں آنسو گیس کے گولے پھینکے۔
الخلیل کے مغربی علاقے اذنا میں بھی اسرائیلی افواج نے شب بھر کی کارروائی کے دوران گھروں کے اندر اور گلیوں میں داخل ہو کر شہریوں کو تشویش میں مبتلا کیا، اور گاڑیوں کی تلاشی کے دوران انہیں روک کر تنگ کیا۔ اس دوران، فلسطینی ہلال احمر کے مطابق نابلس کے جنوب میں عراق بورین اور جماعین میں ہونے والی جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے حملوں میں روز بروز شدت آ رہی ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمتی گروہ ان حملوں کا بھرپور جواب دے رہے ہیں، جس سے علاقے میں مزید کشیدگی اور تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔