(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) حماس کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد آج مصر روانہ ہوگا جس کا مقصد غزہ میں صیہونی ریاست کی دہشتگردی کو بند کرانا اور غزہ میں قید صیہونی ریاست کے مغویوں کی معاہدے کے تحت رہائی پر مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک سرکردہ رہنما نے فرانسی پریس کو بتایا کہ حماس کا ایک وفد آج ہفتہ کے روز مصر کے دار الحکومت قاہرہ روانہ ہوگا، جہاں وہ مصری حکام کے ساتھ غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی اور غزہ میں قید اسرائیلی مغویوں کی تبادلے کے تبادلے کے ذریعے رہائی پر مذاکرات کو آگے بڑھانے پر گفتگو کرے گا۔
مذاکرات کا مقصد غزہ کی پٹی میں جاری خونریزی کے خاتمے کے لیے ایک معاہدہ طے کرنا اور فلسطینی اسیران کی رہائی کے لیے کسی سمجھوتے پر پہنچنا ہے۔ اس سے قبل، فلسطینی ذرائع نے بتایا تھا کہ مصر جلد ہی حماس کے نمائندوں کے ساتھ اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کرے گا۔ یہ ملاقات اس وقت ہو رہی ہے جب لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی حکومت نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے نئی سفارتی کوششوں کا آغاز کیا ہے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اسیران کی رہائی کے لیے بھی مذاکرات کر رہی ہے تاکہ علاقے میں امن قائم ہو سکے۔