(وز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی مزاحمت کاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں غاصب صیہونی فورسز پر چودہ مختلف کارروائیاں کیں جس میں غاصب فورسز کو نقصان پہنچایا اور بھاگنے پرمجبورکردیا۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر نے اپنی یومیہ رپورٹ میں ان کارروائیوں کی تفصیلات فراہم کیں، جن میں فائرنگ، مسلح جھڑپیں، دھماکہ خیز مواد پھینکنا، سنگ باری، آباد کاروں سے مقابلہ اور مشتعل مظاہرے شامل تھے۔ نابلس کے مشرق میں بلاطہ اور عسکر کیمپوں پر قابض افواج کے دھاوے کے دوران مسلح تصادم اور دھماکے ہوئے۔ جنین میں مزاحمت کاروں نے سالی فوجی چوکی پر فائرنگ کی، جب کہ الخلیل میں فلسطینی نوجوانوں نے یہودی آباد کاروں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ان کی گاڑیوں پر پٹرول بم پھینکے اور سنگ باری کی۔
مزید برآں، نابلس، جنین اور الخلیل کے مختلف علاقوں میں تصادم اور مظاہرے ہوئے۔ عسکر کیمپ اور الفوار کیمپ میں فلسطینیوں نے قابض افواج کے خلاف مزاحمت کی اور پتھراؤ کیا۔ جنین شہر میں بھی فلسطینیوں نے اسرائیلی قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ یہ کارروائیاں فلسطینی مزاحمت کے بڑھتے ہوئے عزم اور اسرائیلی افواج کے خلاف جاری جدوجہد کا حصہ ہیں۔