(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی دشمن نے مزاحمت کو نشانہ بنانے کا جواز پیش کرتےہوئے غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں اسکولوں اسپتالوں اور عبادتگاہوں سمیت پناہ گاہوں پر بدترین جنگی جرائم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے قائم مقام سربراہ اور تحریک کے بین القوامی تعلقات کے دفتر کے سربراہ ڈاکٹر خلیل الحیہ نے الاقصیٰ ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی دشمن کا مقصد غزہ میں قتل عام کرنا اور فلسطینی عوام کو بے گھر کرنے کی اپنی کوششیں جاری رکھنا ہے۔ یہ جارحیت ہسپتالوں، عام شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو بمباری کے ذریعے شہید کرتی ہے اور پوری فلسطینی عوام کو نشانہ بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض دشمن غزہ میں فلسطینیوں کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی کوشش میں انہیں بھوکا مارنے کی اپنی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔
غزہ کی صورتحال کے بارے میں الحیہ نے مزید کہا کہ قابض ریاست کو غزہ شہر سے اس کے شمال سے الگ کر کے تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ وہ جان بوجھ کر اسپتالوں اور صحت کے شعبے کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی دشمن کی بدترین نسل کشی کے باوجود وہ ہمارے حوصلے توڑنے میں مکمل طورپر ناکام ہے، فلسطین کا ہر بچہ اپنی سرزمین کے تحفظ کےلئے ڈٹ کر کھڑا ہے۔