(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صیہونی دہشتگردی سے فلسطینی علاقوں میں نجی شعبے کے اداروں کی مقامی پیداوار میں سال 2024ء کے دوران 55 فیصد، مغربی کنارے میں 51 فیصد اور غزہ کی پٹی میں 84 فیصد کمی ہوئی۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی کے نتیجے میں ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے، فلسطین کے مرکزی ادارہ شماریات نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں تقریباً 14 ماہ سے جاری قابض صہیونی ریاست کی دہشتگردی کے نتیجے میں اثاثوں اور املاک کےبھاری نقصانات کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کے لیے تقریباً آٹھ ارب ڈالر کے پیداواری نقصان کا تخمینہ لگایا ہے۔
ادارہ شماریات نے ایک تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں نجی شعبے کے اداروں کی مقامی پیداوار میں سال 2024ء کے دوران 55 فیصد، مغربی کنارے میں 51 فیصد اور غزہ کی پٹی میں 84 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تعمیراتی شعبہ سب سے زیادہ متاثرہ اقتصادی شعبوں میں سے ایک ہے، اس شعبے کی پیداوار میں کمی کا تناسب 60 فی صد تک پہنچ گیا ہے۔ مغربی کنارے میں 56 فی صد اور غزہ کی پٹی میں 100 فی صد صنعتی شعبہ متاثر ہوا ہے جبکہ اندرونی تجارت اور دیگر سروسز کے شعبوں میں کمی کا تناسب 54 فی صد ہے جس میں میں مغربی کنارے میں اکاون فی صد اور غزہ میں 78 فی صد ہے۔