(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکومت نے متحدہ عرب امارات میں لاپتہ ہونے والے ایک اسرائیلی-مالڈووی ربی کے قتل کا اعلان کردیا، جو جمعرات سے لاپتہ تھا۔
صیہونی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر اور وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کے روز لاپتا ہونے والے یہودی ربی زوی کوگان کی لاش مل گئی ہے۔
آرتھوڈوکس یہودیت کی ایک نمایاں شاخ چباد لوباویچ تحریک نے کہا کہ کوگان کو آخری بار دبئی میں دیکھا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں اسے ہفتے کے شروع میں شہر میں کوشر گروسری سٹور پر دکھایا گیا تھا۔
چباد لوباویچ تحریک نے بھی کوگان کو برانچ کا ایک سفیر بتایا جو نیویارک میں بروکلین کے کراؤن ہائٹس میں واقع ہے۔اتوار کے اوائل میں متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے کوگان کی گمشدگی تسلیم کی۔ اماراتی وزارتِ داخلہ نے کوگان کو "لاپتہ اور رابطے سے باہر” قرار دیا۔وزارتِ داخلہ نے کہا کہ "خصوصی حکام نے رپورٹ ملنے پر فوری طور پر تلاشی اور تفتیشی کارروائیاں شروع کر دیں۔”