(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)فلسطین کے ایوانِ صدر نے اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا پر پابندی سے متعلق اسرائیلی ووٹ کو مسترد کر دیا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں یو این ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین انروا پر اسرائیلی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم انروا پر پابندی کی اجازت نہیں دیں گے، نام نہاد صیہونی ریاست ایک فاشسٹ ریاست ہے۔
وسری جانب اسرائیل کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے انروا پر پابندی پر امریکا کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ نے بھی اسرائیلی پابندی کو غلط قرار دیا ہے۔پابندی کے اسرائیلی اقدام پر اپنے ردِعمل میں انروا کا کہنا ہے کہ ادارے پر پابندی فلسطینیوں کے مصائب کو مزید گہرا کرے گی، غزہ کے لوگوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ نے اقوامِ متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا پر پابندی کا بل منظور کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے اسرائیلی حکام اور ریلیف ایجنسی کے درمیان روابط پر پابندی لگائی گئی ہے۔اسرائیلی پارلیمنٹ نے انروا سے تعلقات منقطع کرنے اور اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی بھی منظوری دے دی۔