(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) امریکہ خطے میں استحکام کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہ امریکہ ہی ہے جو خطے میں امن اور استحکام میں سب سے بڑی رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
مقبوضہ فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف مسلح اور سیاسی مزاحمت کرنے والے فلسطینی تحریک ’حماس‘ کے رہنما اسامہ حمدان نے لبنان کے شہر بیروت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صیہونی ریاست اسرائیل کے جرائم میں برابر کے شریک امریکہ کے منافقانہ اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ صیہونی ریاست کے غاصبانہ قبضے اور اس کے سنگین جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ امریکہ خطے میں استحکام کا دعویٰ کرتا ہے مگر وہ امن اور استحکام میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی حمایت کے بغیر غاصب صیہونی دشمن فلسطین اور لبنان میں مزاحمت کا مقابلہ نہیں کر سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے کیونکہ یہ بے اختیار ہو چکا ہے اور اسے مفلوج کرنے والوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ یہ تباہی کے دہانے پر ہے۔
اس تناظر میں حماس کے رہ نما نے کہا کہ قابض ریاست لبنان اور اس کے عوام میں مزاحمت کے عزم کو تباہ کرنے کرنے اور عالمی برادری کے سامنے حقوق سے فرار کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "میں نہیں سمجھتا کہ لبنان میں مزاحمت اسرائیلی رویے سے متاثر ہوئی‘‘۔