غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے غیر قانونی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے محصور شہر غزہ پر دہشتگردی اور اس کے نیتجے میں ہونے والے تباہی کی تازہ تفصیلات جاری کردی ہیں۔
رپورٹ کےمطابق غاصب صیہونی افواج نے آج بھی بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں، اسکولوں اور اسپتالوں کا اپنی وحشیانہ بمباری کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 58 فلسطینی شہید جبکہ 85 زخمی ہوئے جبکہ متعدد زخمی تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی امداد کےلئے شہری دفاع کے عملے کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر صیہونی 7 اکتوبر 2023 سے اب تک جاری دہشتگردی میں 16 ہزار سے زائد بچوں اور 11 ہزار سے زائد خواتین سمیت 41,495 فلسطینی شہید اور 96,006 زخمی ہو چکے ہیں۔