(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ پر صیہونی ریاست کی دہشتگردی 341 ویں دن میں داخل ہو گئی، پٹی کے مختلف علاقوں میں رہائشی علاقوں میں صیہونی فوج کی بمباری جاری ہے۔
امریکی اور مغربی حمایت سے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو آج 341 دن مکمل ہوگئے ہیں۔
غاصب صیہونی افواج نے آج بدھ کو غزہ میں جنگی طیاروں اور توپ خانے سے مزید وحشیانہ حملے کیے ہیں جن میں مزید دو خواتین اور آٹھ بچوں سمیت کم سے کم 11 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
صیہونی افواج نے غزہ کے مختلف رہائشی علاقوں پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس میں گھروں، بے گھر افراد کی پناہ گاہوں اور سڑکوں پر موجود شہریوں کو نشانہ بنایا، جس میں درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کے بلاک سی کے علاقے میں "ابو عطوی” خاندان کے گھر پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔خان یونس کے مشرق میں واقع قصبہ خزاعہ میں القرا خاندان کے ایک گھر پر قابض فوج کی بمباری کے بعد دو خواتین اور آٹھ بچوں سمیت 11 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
شہدا میں محمد حمدان القارا، ان کی اہلیہ مہا طلال ابو رعدہ اور ان کے بچے بھی شامل ہیں۔المواصی خان یونس کے بالمقابل سمندر میں قابض فوج کی کشتیوں کی فائرنگ سے ایک ماہی گیر شہید ہوگیا۔
قابض فوج کے طیاروں کی جانب سے وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات کیمپ میں ابو عطوی خاندان کے گھر پر بمباری کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔