(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایک صیہونی آبادکارخاتون نے وزیر قومی سلامتی پر ریت پھینکی اور انھیں دہشتگرد اور قاتل کہا جس کے بعد پولیس نے خاتون کو گرفتار رکرلیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے ذرائع ابلاغ کےمطابق اسرائیل کے وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر کو اس وقت اپنے ہی لوگوں کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب وہ تل ابیب کے ساحل پر اپنی فیملی کے ساتھ پہنچے ، ساحل پر موجود غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے شدت پسند وزیر کو چیخ چیخ کر کہا کہ "تم قاتل ہو، تم دہشت گرد ہو، یہاں سے نکل جاؤ”۔
سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی بن گویر اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ تل ابیب کے ساحل پر پہنچتے ہی وہاں سے بھگا دیے گئے۔
ایک صیہونی آبادکار نے بن گویر پر چیختے ہوئے کہا کہ”تم ایک قاتل ہو، تمہاری وجہ سے غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالی مارے گئے،تم سمندر کے کنارے چلنے کی ہمت کیسے کر رہے ہیں”۔انہوں نے بین گویر کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’’تم ایک قاتل ہو، تم قاتل دہشت گرد ہو، یہ تمہاری سچائی ہے کہ غزہ کے تمام مغوی لوگ تمہاری وجہ سے مر رہے ہیں‘‘۔”
اسرائیلی ویب سائٹ واللا” نیوز ویب کے مطابق "ایک صیہونی آبادکار خاتون نے شدت پسند وزیر برائے قومی سلامتی بین گویر پر ریت پھینکی جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا‘‘۔
بن گویر نے اس واقعے پر ایک پوسٹ میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اظہار رائے کی آزادی ان کا حق ہے مگر انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ساحل ان کے باپ کی جاگیر نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "اس کے ساتھ ہی میں پولیس اور سکیورٹی گارڈز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایک خاتون کو گرفتار کرنے کے لیے فیصلہ کن کارروائی کی جس نے مجھ پرریت پھینکی اور میرے چھوٹے بچوں پر حملہ کیا”۔