(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ کو اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کےمختلف شہروں میں جنگی کارروائیوں پر تشویش ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں پرتشدد کارروائیوں اور بچوں سمیت فلسطینیوں کی شہادتوں پر تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے میں بھی جنگی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
اپنے جاری بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال پہلے ہی تباہ کن ہے غزہ میں بچے بھوک اور پانی کی کمی سے موت کے منہ میں جارہےہیں اور دوسری جانب مقبوضہ مغر بی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج جنگی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انھوں نے کہا کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں 10 لاکھ سے زائد فلسطینیوں تک اگست کے بعد راشن یا کھانے پینے کی اشیا نہیں پہنچ سکیں ہیں، غزہ میں انسانی بحران اب بھی تباہ کن ہے۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایمرجنسی پولیو ویکسینیشن کیمپین سے جڑی میڈیکل ٹیموں کو جنوبی غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔