(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہید ہونے والوں میں 34 سالہ عماد تیسیر یوسف شوریم، 30 سالہ وسیم صابر عنبر اور 30 سالہ معاویہ خالد الحاج احمد شامل ہیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں 40 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید اور ایک لاکھ کے قریب زخمی ہوچکے ہیں جبکہ غاصب صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے پر بھی فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھا ہوا ہے ،آج جمعرات کی صبح غاصب صیہونی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں قائم فلسطینیوں کے پناہ گزین کیمپ پر اپنی دہشتگردی کی جس میں مزید تین فلسطینی 34 سالہ عماد تیسیر یوسف شوریم، 30 سالہ وسیم صابر عنبر اور 30 سالہ معاویہ خالد الحاج احمد شہید ہوگئے ۔
فلسطین کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس کے عملے نے طولکرم کیمپ پر تازہ بمباری سے شہید ہونے والے دو شہریوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ غاصب صیہونی افواج نے طولکرم کیمپ پر اپنا فوجی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے، جس سے بنیادی ڈھانچے اور شہریوں کی املاک کو بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
اسرائیلی قابض فوج نے طولکرم شہر پر اس کے مغربی داخلی راستے سے دھاوا بول دیا۔ "الاسراء اسپیشلائزڈ” اور "ثابت” سرکاری ہسپتالوں کو گھیرے میں لے لیا۔