(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) توقع ہے کہ حزب اللہ پہلے حملہ کرے گی اور ایران اس کے بعد حملوں میں شامل ہوگا۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرئیل کے معروف عبرانی اخبار معاریف نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں اسرائیلی فوج کی تیاریوں کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل میں جس طرح کی دفاعی تیاریاں جاری ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اپنے فوجی کمانڈر فواد شکر کے قتل کے جواب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل پر حملہ کردے گی۔
اخبار نے اسرائیلی اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امکانات ظاہر کرتے ہیں کہ حزب اللہ ایرانی حملے سے پہلے اسرائیل کی سرزمین پر حملہ کرے گی۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے مشیر برائے سیاسی امور علی شمخانی نے عبرانی زبان میں ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل پر عائد کی جانے والی سخت ترین سزا کے لیے حالات سازگار ہیں اور اس اقدام کے لیے قانونی، سفارتی اور میڈیا کے حوالے سے تیاریاں کرلی گئی ہیں۔