(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کے ہاتھوں 107 طلباء شہید اور 526 زخمی ہوئے جبکہ 390 طلباء کو گرفتار کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی وزارت تعلیم اور ہائرایجوکیشن کمیشن نے فلسطینیوں کے خلاف غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی کے حوالے سے جاری تازہ تفصیلات میں انکشاف کیا ہے کہ سات اکتوبرسے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں تقریباً 10,043 طلباء شہید اور 16,423 زخمی ہو چکے ہیں۔
رپور ٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں صیہونی افواج کی جارحیت کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے طلباء کی تعداد 9,936 سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 15,897 طلبا زخمی ہوئے ہیں جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں 107 طلباء شہید اور 526 زخمی ہوئے اس دوران 390 طلباء کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں 504 اساتذہ اور اسکول پرنسپلز شہید اور 3,426 زخمی ہوئے اور مغربی کنارے میں 117 سے زیادہ کو گرفتار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں 119 سرکاری اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ 62 سے زائد اسکول مکمل طور پر تباہ ہوئے۔ ان میں 191 سرکاری اسکولوں ہیں اور باقی اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے مہاجرین ’انروا‘ سے منسلک ہیں،اسرائیلی بمباری میں 20 یونیورسٹیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ 31 سے زیادہ یونیورسٹیوں کی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں 69 اسکولوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا اور پانچ جامعات کی توڑپھوڑ کی گئی۔ اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے قابض فوج نےغزہ کی پٹی میں چھ لا بیس ہزار سے زائد طلباء کو اسکولوں میں داخلے سے محروم کر دیا ہے، جن میں ہائی اسکول کے 39,000 طلباء بھی شامل ہیں، جب کہ زیادہ تر طلباء نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں اور انہیں صحت کی مشکل حالات کا سامنا ہے۔