(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا، اللہ کا شیر اسماعیل ھنیہ سرخرو ہوگیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی تہران میں صیہونی ریاست کے ہاتھوں شہادت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ صیہونی ریاست اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو اس ظلم کی قیمت چکانا ہوگی، اسرائیلی اقدام نے اس پورے خطے کو نئی آزمائش میں ڈال دیا ہے، صاف نظر آ رہا ہے کہ جنگ اب غزہ تک محدود نہیں رہے گی، نئی صف بندی ہوگی، کیا عالم اسلام کے حکمران اب بھی آنکھیں بند کیے اسرائیل کی خاموش حمایت کرتے رہیں گے؟
انھو ں نے کہا کہ اسماعیل ھنیہ کا قیام، ہجرت اور شہادت، اللہ کیلئے تھی، انھوں نے دنیا کی ظالم ترین طاقتوں کا بے جگری سے مقابلہ کیا، اللہ کا شیر اسماعیل ھنیہ سرخرو ہوگیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پہلے اپنے خاندان کو راہ خدا میں قربان کیا، پھر خود بھی جنت کا مسافر بن گیا، شہادت ایک مسلمان کی زندگی کا اختتام نہیں بلکہ راحتوں بھری نئی زندگی کا آغاز ہے۔