(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی اخبار "ماریو” کی ایک رپورٹ میں شمالی محاذ پر ناکامی کی تمام تر ذمہ داری نیتن یاہو پر ڈالی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ شمالی بستیاں راکھ کا ڈھیر بن گئیں اور نیتن یاہو کوئی کچھ دیکھائی نہیں دے رہا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی اخبار "ماریو” نے اپنی رپورٹ میں صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کو اسرائیل کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی مفادات پر ملکی سلامتی کو قربان کرنے والے نیتن یاہو کو کوئی فکر نہیں ہے کہ شمالی محاذ پر بستیاں راکھ کا ڈھیر بن چکی ہیں ، شہری اب وہاں واپس آنے کو تیار نہیں ہیں لیکن نیتن یاہو اپنی سیاست چمکا رہے ہیں ۔
رپورٹ میں غاصب حکومت کے سربراہ بنجمن نیتن یاہو پر حملہ کرتے ہوئے انہیں ایک "خودغرض ” قرار دیا جو "ریاست، اس کے شہریوں، اس کی سلامتی اور اس کی خوشحالی کے خلاف کام کررہا ہے۔” رپورٹ میں نیتن یاہو کو "شمال کی مدد اور علاج” کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر نہ کرنے کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ "دسیوں ہزار اسرائیلی آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے اپنے گھروں سے بیدخل ہو چکے ہیں۔ جلے ہوئے قصبے، شہر اور بستیاں ہیں، جن سے دھواں اٹھ رہا ہے لیکن نیتن یاہو کو اپنی سیاست کی فکر ہے۔”
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی علاقے میں ں لاوارث جلے ہوئے باغات اور کھیت ہیں ، فصلیں تباہ ہوچکی ہیں ہوٹل سیاحوں سے خالی ہیں۔ یہ ایک آسیب زدہ علاقہ بن چکا ہے۔” نیتن یاہو پر سخت تنقید میں کہا گیا ہے کہ "اسرائیل” اب ایک "ریاست” نہیں بلکہ "جاگیرداری اور نجی خاندانی کاروبار” بن گیا ہے۔