(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اس سے قبل یہ بیان اسرائیلی آرمی کے ترجمان نے دیا تھا تاہم اب کی یہ بیان صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت کے اہم شخص کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے قومی سلامتی کونسل کے سربراہ زاچی ہنیگبی نے ریخ مین یونیورسٹی میں ہرزلیہ کانفرنس میں اپنی تقریر میں اعتراف کیا ہے کہ حماس تحریک ایک نظریہ ہے جس کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے ۔
یہ کانفرنس غزہ جنگ کے باعث اسرائیل کو ہونے والے معاشی نقصان کے حوالے سے منعقد کی گئی تھی جس میں انھوں نے کہا کہ ہم کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ حماس کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے کیونکہ حماس ایک نظریہ ہے ہمیں اس کو ختم کرنے کیلئے متبادل نظریہ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے نہ کہ صرف اس کی فوجی صلاحیتوں کو تباہ کرنے کی۔”
انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے اسرائیل کی پالیسی وہ ہونا چاہیے جو خطے کو پاک کرنے کے لیے مناسب حالات فراہم کرے، لیکن اس کی قیادت عرب ممالک کی حمایت سے مقامی فلسطینیوں کو کرنا چاہئے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہگاری نے ایک پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ غزہ سے حماس کو صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا تو وہ دھوکے میں ہے اور یہ بات اسرائیلی شہریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔