(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کے رہائشیوں پر صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں بچے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جو انتہائی ہولناک ہے۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کے لیے اقوام متحدہ کے آزاد بین الاقوامی کمیشن کے سربراہ ناوی پلے نے آج سوئٹزر لینڈ شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 56ویں اجلاس کے موقع پر کمیٹی کی رپورٹ پر ایک اجلاس سے خطاب کرتےہوئے بتایا کہ سات اکتوبرسے جاری غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک 15 ہزار سے زائد بچے شہید اور ہزاروں معذور ہوچکےہیں جبکہ ہزاروں بچے تاحال بمباری سے تباہ ہونے والی عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یہ انتہائی ہولناک ہے اس کو فوری روکنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیلی وحشیانہ بمباری نے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کو شدید متاثر کیا ہے جس میں ہسپتال، اسکول اور بنیادی خدمات شامل ہیں۔