(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی اسپیشل فورسز نے کفر نعمہ گاؤں کے قریب فلسطینیوں کی ایک گاڑی پر اندھا دھند گولیاں برسائیں جس سے شہادتیں اور متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے رام اللہ سے ملحقہ قصبے کفر نعمہ کے مقام پر چار فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
وزارت صحت نے کہا کہ اسرائیلی فورسزکی فائرنگ سے زخمی ہونے والے آٹھ افراد کو رام اللہ کے مغرب میں واقع گاؤں کفر نیما سے فلسطین میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا ہے۔ ان میں بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔سکیورٹی ذرائع نے فلسطینی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اسرائیلی اسپیشل فورس نے کفر نعمہ گاؤں کے قریب ایک گاڑی پر گولیاں برسائیں جس سے متعدد شہری زخمی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گاڑی پر گولی چلانے کے بعد گاؤں پر دھاوا بول دیا، جس سے تصادم شروع ہو گیا۔رام اللہ اور البیرہ کے علاقے میں فتح تحریک نے چار افراد کی ہلاکت کے خلاف منگل کو رام اللہ اور البیرہ گورنری جامع ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔اسرائیلی قابض پولیس نے کہا کہ اس نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس نے ایک چھاپے کے دوران اس کے متعدد اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کی۔