(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) بےگھر فلسطینیوں کے خیموں کو صیہونی افواج نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں سے حملہ کیا جس کے نیتجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اور خیموں میں آگ لگ گئی۔
اتوار کی شام اسرائیلی قابض فوج نے جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح کے مغرب میں بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیموں کو نشانہ بنا کر ایک نیا ہولناک قتل عام کیا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ۔
غاصب صیہونی افواج نے رفح کے مغرب میں ایجنسی کی بیرکوں کے قریب بے گھر ہونے والوں فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی اور کم سے کم 40 فلسطینی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے شہید ہوگئے جبکہ کم سے کم 109 زخمی ہوگئے ۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہداء اور زخمیوں کی ایک بڑی تعداد اب بھی کیمپ میں موجود ہے جبکہ صیہونی افواج کی جانب سے رکاوٹوں اور فائرنگ کے باعث ایمبولینس اور سول ڈیفنس کے عملے کو ان تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
واقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی افواج کے جنگی طیاروں نے بے گھر افراد کے خیموں پر کم ازکم آٹھ سے زائد میزائلوں سے بمباری کی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔دریں اثنا قابض فوج کے طیاروں نے رفح کے مغرب میں کئی مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا۔