(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے رفح کے شہریوں کو ایک بار پھر نقل مکانی کی ہدایت جاری کی ہیں جس کے باعث لاکھوں لوگ ایک بار پھر بےگھر ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی حملوں میں ہزاروں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطینی مرکز، المیزان سینٹر فار ہیومن رائٹس اور الحق فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے رفح میں قتل عام کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں ، اور محض 48 گھنٹوں کے دوران غاصب فوج نے 36 بچوں اور 20 خواتین سمیت 94 فلسطینیوں کو شہید جبکہ 200 کے قریب زخمی ہیں جن کے علاج کے لئے کوئی اسپتال موجود نہیں ہیں۔
تنظیموں نے سخت ترین الفاظ میں معصوم لوگوں کی جانوں اور 1.2 ملین سے زائد باشندوں پر اس حملے کے انسانی اثرات کی مذمت کی ہے۔ امریکی معاونت سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں شہر میں بے گھر ہونے والے لوگوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض افواج نے مشرقی رفح کے بڑے حصوں میں مسلسل چوتھے روزبھی زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں رفح کراسنگ کے فلسطینی اطراف کو کنٹرول کرنا، مسافروں کی نقل و حرکت روکنا، خاص طور پر بیماروں اور زخمیوں کی نقل و حرکت روکنا،امدادی سازوسامان کے داخلے کو روکنا اور طبی سامان کی بندش جیسے جرائم شامل ہیں۔