(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گنٹ یونیورسٹی نے طلبہ کے احتجاج کی درخواست کو منظور نہیں کیا لیکن یونیورسٹی کے متعدد ملازمین اور پروفیسرز نے احتجاج کی حمایت کرنے والے ایک کھلے خط پر دستخط کیے۔
امریکی یونیورسٹیوں میں طلبہ کے فلسطینیوں کے حق میں شروع ہونے والے مظاہرے دنیا بھر کے مختلف ملکوں میں پھیل گئے ہیں ، اب بیلجیئم اور نیدرلینڈز کے طلبہ نے بھی غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔
پیر کے روز طلبہ نے گنٹ اور ایمسٹرڈیم کی یونیورسٹیوں کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔ بیلجیئم یونیورسٹی آف گینٹ کے ترجمان نے کہا کہ تقریباً 100 طلبہ یونیورسٹی کے کچھ حصوں پر قابض ہوگئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کا کہنا ہے کہ احتجاج 8 مئی بروز بدھ تک جاری رہے گا۔
گنٹ یونیورسٹی نے طلبہ کے احتجاج کی درخواست کو منظور نہیں کیا لیکن یونیورسٹی کے متعدد ملازمین اور پروفیسرز نے احتجاج کی حمایت کرنے والے ایک کھلے خط پر دستخط کیے ہیں۔ اس خط میں یونیورسٹی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات جاری رکھنے کے فیصلے کی مذمت کی گئی ہے۔