(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شہید ہونے والوں میں 7بچے اور5 خواتین شامل ہیں، صیہونی حملو ں میں 51 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں اکثریت کی حالت تشویشناک ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے مقبوضہ فلسطین کے محصورشہرغزہ پرغیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کےدہشتگردانہ حملوں اورنسل کشی کی تازہ تفصیلات شائع کی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ پر سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری کو آج 209 روز مکمل ہوگئے ہیں سات ماہ سے جاری اس وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 14 ہزار سے زائد بچوں اور 10 ہزار سے زائد خواتین سمیت شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 34 ہزار595 ہوگئی ہے جبکہ صیہونی فوج کے حملےمسلسل جاری ہیں۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غاصب صیہونی فوج نے غزہ کے مختلف علاقوں پروحشیانہ بمباری کاسلسلہ جاری رکھا جس میں مزید 28 فلسطینی شہید اور 51 زخمی ہوگئے،زخمیوں میں اکثریت کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔